منگلورو:25/ دسمبر(ایس اؤنیوز)ریاست کرناٹکا میں ہونے والے ودھان سبھا انتخابات کے پیش نظر فرقہ پرست پارٹیاں اور شرپسند عناصر پرامن حالات کو بگاڑنے کی مذموم کوشش میں ہیں، اشتعال انگیزی اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلا کر اقتدار تک پہنچنے کے لئے منصوبہ بند سازشیں رچی جارہی ہیں، اس سلسلے میں اسوسی ایشن فار پروٹکشن آف سول رائٹس(اے پی سی آر) کے ریاستی ذمہ داران کی مینگلور ہدایت سنٹر میں ایک نشست منعقد ہوئی جس میں ریاست کے موجودہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئےریاست کے حالات کو پرامن رکھنے اور فرقہ پرستوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں غور وفکر کیا گیا۔
اے پی سی آر کے ذمہ داران نے میٹنگ میں ریاست کے مختلف مقاما ت پر ہوئے ناخوشگوارواقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی۔ میٹنگ میں ہوناور کے نوجوان پریش میستا کی ہلاکت، مسلمانوں کی گرفتاری اور ابھی تک ان کی ضمانت نہ ہونے کے اسبا ب کا جائزہ لیا گیا۔ اسی معاملے کو لے کر کمٹہ اور سرسی میں ہوئے ہنگاموں پر بھی نظر دوڑائی گئی ۔ اسی طرح ہوناور میں ایک لڑکی کے پرسنل اٹیک کولے کر افواہوں کی بنیاد پر مساجد اور اقلیتوں کے گھروں پر ہوئے حملوں پر تشویش کا اظہار کیاگیا ۔ میٹنگ میں ذمہ داران نے خاص کر اس بات پر غورکیا کہ ان سب معاملات میں اے پی سی آر مقامی عوام اور تنظیموں کے ساتھ کس طرح تعاون کرسکتی ہے ان کی قانونی رہنمائی اور امن وامان کو برقرار رکھنے میں کیا اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ میٹنگ میں وجئے پورہ کی دلت لڑکی کی اجتماعی عصمت دری اور بہیمانہ قتل کی کڑی مذمت کرتے ہوئے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکومت سے مطالبہ کیاگیا۔
اے پی سی آر کو ریاست گیر سطح پر مستحکم کرنے اور تمام ممبران کو مستعد اور اکٹیو کرنے کے لئے ریاست کو 5زون میں تقسیم کرتے ہوئے ریاستی مجلس عاملہ کے ممبران کو زونس کی ذمہ داری سونپی گئی۔ میٹنگ میں طئے کیاگیا کہ ریاست کے ہر ضلع میں تعلقہ سطح پر اے پی سی آر کو مضبوط کرتے ہوئے عوام میں قانونی بیداری کے لئے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔
اے پی سی آر کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ سعد الدین صالح نے میٹنگ کی صدارت کی۔ جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ نیاز احمد نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ میٹنگ میں عبدالسلام، محمد ادریس، مشتاق احمد، وکیل سرفراز، شفیع صاحب اور عنایت اللہ گوائی موجود رہتے ہوہئے اپنے مفید صلاح ومشوروں سے نوازا۔
عاملہ میٹنگ سے پہلے مینگلور اور اڈپی کے اے پی سی آ ر ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔